واشنگٹن، 19 مارچ (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران سے پیدا ہونے والی عالمی غیر یقینی صورتحال اور خام تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے کے درمیان امریکی فیڈرل ریزرو نے مارکیٹ کی توقعات کے برخلاف ریپو شرح میں کوئی کمی نہیں کی۔
فیڈ کی دو روزہ میٹنگ کے بعد بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ معیشت کی ترقی مضبوط ہے، لیکن حالیہ مہینوں میں نئی ملازمتوں کی رفتار سست پڑ گئی ہے اور مہنگائی بدستور بلند ہے۔ ساتھ ہی مغربی ایشیا کے حالات کے امریکی معیشت پر اثرات کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔
امریکی مرکزی بینک کے مطابق کمیٹی نے شرح سود کو 3.5 سے 3.75 فیصد کے درمیان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ 12 میں سے 11 ارکان نے اس فیصلے کی حمایت کی، جبکہ اسٹیفن مائرن نے ایک چوتھائی فیصد کمی کے حق میں ووٹ دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فیڈ کا ہدف زیادہ سے زیادہ روزگار اور مہنگائی کو 2 فیصد تک محدود رکھنا ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے فیڈ کے چیئرمین جیروم پاول نے کہا کہ اس وقت بے روزگاری کی شرح طویل مدتی اوسط کے قریب ہے جبکہ مہنگائی اس سے ایک فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں جس کمی کی توقع کی جا رہی تھی، وہ اس حد تک سامنے نہیں آئی۔
غیر یقینی حالات کے باوجود فیڈ کے آئندہ اندازوں میں اس سال ایک چوتھائی فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم مہنگائی کا تخمینہ پہلے کے مقابلے میں بڑھا دیا گیا ہے۔
ریپو شرح کو برقرار رکھنے کے اس فیصلے کو امریکی شیئر بازار نے مثبت انداز میں نہیں لیا، کیونکہ سرمایہ کار شرح میں کمی کی توقع کر رہے تھے۔ فیصلے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹس تقریباً ڈیڑھ فیصد تک گر گئیں۔
0
