0

امریکہ کے پاس اسلحے کے وافر ذخائر، ہم بڑی فتح کے لیے تیار ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن، 3 مارچ (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس درمیانہ اور اعلیٰ درجے کے ہتھیاروں کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلحے کے ذخیرے کے معاملے میں امریکہ پہلے کبھی اتنا مضبوط نہیں رہا اور ملک کے پاس ہتھیاروں کی تقریباً لامحدود سپلائی ہے۔
صدر ٹرمپ نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ان ذخائر کی مدد سے جنگ کو “طویل عرصے تک” اور “کامیابی کے ساتھ” لڑا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی ہتھیار دیگر ممالک کے جدید ترین ہتھیاروں سے بھی بہتر ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ امریکہ کے پاس انتہائی جدید درجے کے ہتھیاروں کا خاطر خواہ ذخیرہ موجود ہے، تاہم وہ اس سطح تک نہیں پہنچا جہاں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اضافی اعلیٰ معیار کے ہتھیار بیرونِ ملک محفوظ رکھے گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائڈن پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے یوکرین کو سینکڑوں ارب ڈالر مالیت کے جدید ہتھیار اور وسائل فراہم کیے لیکن ان کی تلافی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پہلے دورِ صدارت میں انہوں نے امریکی فوج کی ازسرِ نو تعمیر کی تھی اور اس عمل کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا، “امریکہ جدید ہتھیاروں سے لیس ہے اور بڑی فتح کے لیے تیار ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں