0

اننت ناگ میں بد نام زمانہ منشیات فروش کی گاڑی ضبط

سری نگر،16جنوری(یو این آئی) منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد ضبط کر لی جو متعدد نارکوٹکس مقدمات میں ملوث ہے۔
پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بشیر احمد ڈار ولد حبیب اللہ ڈار ساکن گارڈ ہانجی پورہ بجبہاڑہ کی ٹاٹا سفاری گاڑی کو ضبط کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔ اسے حال ہی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضبطی کی یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کی اس جاری مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد منشیات کے نیٹ ورکس کو توڑنا اور ایسے عناصر کے مالی وسائل پر کاری ضرب لگانا ہے جو اس غیر قانونی کاروبار سے منسلک ہیں۔ اس طرح کے اقدامات اس بات کا واضح پیغام ہیں کہ منشیات پھیلانے والوں کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، جن میں غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد اور اثاثوں کی ضبطی بھی شامل ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو اس بڑھتے ہوئے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون سے ہی ایک محفوظ اور منشیات سے پاک سماج کی تشکیل ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں