0

اننت ناگ میں منشیات فروشوں کی جائیدادیں قرق

سری نگر،26 دسمبر: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
پولیس کے مطابق بجبہاڑہ پولیس نے ایک دو منزل رہائشی مکان اور تقریباً 10 کنال سیب کے باغات کو ضبط کیا، جو سجاد احمد بٹ ولد محمد مقبول بٹ ساکن واگہامہ بجبہاڑہ کی ملکیت ہیں۔ تحقیقات کے دوران یہ جائیدادیں منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ اثاثے ثابت ہوئیں۔
ایک الگ کارروائی میں، پولیس نے بشیر احمد بٹ ولد گل محمد بٹ ساکن واگہامہ بجبہاڑہ کے دو منزل رہائشی مکان کو بھی ضبط کیا، جو مبینہ طور پر منشیات کی سرگرمیوں سے جڑا ہوا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں کیسز میں قانونی تقاضوں اور ضابطوں کے بعد ضبطی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد کی ضبطی کا مقصد منشیات فروشوں کی مالی کمر توڑنا اور اس نیٹ ورک کے اثر و رسوخ کو کمزور کرنا ہے۔
پولیس نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے خطرناک رجحان سے بچانے کے لیے سخت اور مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ معاشرے کو اس وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں