سری نگر،23دسمبر(یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پانزلہ اور سالیہ کے گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے، جس میں اسپیشل آپریشنز گروپ کی خصوصی ٹیمیں اور سی آر پی ایف کی نفری مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد رات گئے فورسز نے جنگلاتی پٹی کو مکمل طور گھیرے میں لیا۔ دشوار گزار جنگلی علاقے کے پیش نظر آپریشن کو انتہائی احتیاط اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس او جی اننت ناگ کی خصوصی ٹیمیں فرنٹ لائن پر ہیں جبکہ سی آر پی ایف کے اہلکار گھیرے کو مضبوط بنانے اور راستوں کی ناکہ بندی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈرون سرویلنس، کھوجی کتے اور ہائی ٹیک آلات کی مدد سے جنگلات کے ہر گوشے کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔
فورسز نے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے تاکہ مشتبہ عناصر کے فرار کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
0
