0

اودھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تقریباً 2 کروڑ روپیوں کی جائیدادیں ضبط:پولیس

جموں، 28 دسمبر (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے اودھم پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تقریباً 2 کروڑ روپیے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 72/2025 میں شکتی سنگھ ولد ترلوک سنگھ ساکن وارڈ نمبر 17، شنکر نگر اودھم پور کی تقریباً 1.30 کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد میں ایک پکا مکان بمعہ 1 کنال اراضی زیر خسرہ نمبر491/593 شامل ہے جو شنکر نگر اودھم پور میں واقع ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن ریہام بل میں ہی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 113/2025 میں کوشل شرما عرف بیرو ولد کاکا رام ساکن کمبل ڈنگا اودھم پور کی تقریباً 70 لاکھ روپیے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیدادوں میں ایک پکا مکان بمعہ ایک کنال اراضی زیر خسرہ نمبر 618 واقع کمبل ڈنگا اودھم پور اور ایک مہندرا بولیرو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرجے کے 14جی – 7724 شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران تفصیلی مالی جانچ اور بیک ورڈ لنکج تجزیے سے یہ ثابت ہوا کہ مذکورہ جائیدادیں غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی گئی تھیں اور ان شواہد کی بنیاد پر مجاز اتھارٹی نے ضبطی کے احکامات جاری کئے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مزید کارروائی جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت اودھم پور پولیس کی جانب سے صبط شدہ جائیدادوں کی مجموعی مالیت اب تک21.5 کروڑ روپیوں تک پہنچ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں