جموں، 6 فروری (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر دی۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی تقریباً 30 لاکھ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت ضبط کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 24/2026 میں انجام دی گئی۔
ملزم کی شناخت بھوپیش پگیترہ ولد اوم پرکاش ساکن دنڈیال اودھم پور کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کے پاس وارڈ نمبر 21، ڈنڈیال ضلع اودھم پور میں خسرہ نمبر 69 پر واقع 5 مرلہ اراضی پر تعمیر شدہ ایک رہائشی مکان اور دیگر گھریلو اشیا موجود ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس بات کے معقول شواہد پائے گئے کہ مذکورہ جائیداد منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت مزید کارروائی کے لئے مذکورہ مکان، 5 مرلہ اراضی اور گھریلو اشیا کو ضبط کر دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ساتھ اودھم پور پولیس کی جانب سے رواں برس کے دوران اب تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط شدہ جائیداد کی مجموعی مالیت 1.80 کروڑ روپیوں تک پہنچ گئی۔
0
