سری نگر، 10 جنوری (یو این آئی) منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اونتی پورہ کی ایک پارٹی نے پڈگام پورہ میں سی آر پی ایف کیمپ کے نزدیک ایک ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے تقریباً 650 گرام بھنگ چورا بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت محاصف وانی ولد مسرت وانی ساکن فتح کدل سری نگر اور ساحل کھوکھر ولد محمد اشرف ساکن پندوبل کوکرناگ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر14/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اونتی پورہ پولیس منشیات کے ناسور کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
