جموں،23 فروری (یو این آئی) جموں کے سرحدی علاقہ اکھنور میں پیر کے روز دو ایسے غبارے برآمد ہوئے جن کے ساتھ پاکستان کا پانچ ہزار روپے کا نوٹ اور ایک امریکی ڈالر منسلک تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ غبارے بین الاقوامی سرحد کے اُس پار سے ہندوستانی حدود میں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق ہوائی جہاز کی شکل کے سفید اور سرخ رنگ کے یہ غبارے کھور بارڈر بیلٹ کے گونارہ گاؤں میں ایک درخت پر پھنسے ہوئے پائے گئے۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع فوراً متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوں کو دی، جس کے بعد اہلکار موقع پر پہنچے اور غباروں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ غباروں کے ساتھ پاکستانی موبائل نمبر اور ایک کیو آر کوڈ بھی منسلک تھا، جس سے اس بات کے خدشات بڑھ گئے ہیں کہ انہیں جان بوجھ کر بھیجا گیا ہو یا پھر یہ کسی مخصوص مقصد کا حصہ ہوں۔
سرحدی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے غبارے آکر لینڈ کرنا ایک معمول کی بات سمجھی جاتی ہے، لیکن غیر ملکی کرنسی منسلک ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے، جس نے سیکورٹی ایجنسیوں کی توجہ مزید بڑھا دی ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل اتوار کے روز بی ایس ایف نے سانبہ ضلع کے رام گڑھ سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے آئے 16 سرخ غبارے ضبط کیے تھے جو کھیتوں میں گرے ہوئے ملے ۔ اسی شام نوشہرہ کے دھریالہ جنگلاتی علاقے میں ایک زنگ آلودہ گرینیڈ بھی برآمد ہوا، جسے بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔
سیکورٹی ایجنسیوں نے کہا ہے کہ واقعات کو یکجا کرکے دیکھا جا رہا ہے اور ہر رخ سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ کہیں یہ سرگرمیاں کسی بڑے نیٹ ورک کا حصہ تو نہیں۔
0
