جموں،10جنوری (یو این آئی) جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب اس وقت حیرت کی لہر دوڑ گئی جب ایک مشتبہ کبوتر کو سرحدی گاؤں کھڑہ میں مقامی بچے نے پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق، کبوتر کے پیروں میں لگی انگوٹھیاں اور پروں پر موجود مہر نما نشانات نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے اس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 13 سالہ آریَن نامی لڑکے نے صبح کے وقت ایک کبوتری رنگ کا پرندہ پکڑا، جس کے دونوں پروں پر سیاہ پٹیاں اور پیروں میں سرخ و زرد رنگ کی دو انگوٹھیاں لگی ہوئی تھیں۔ ان انگوٹھیوں پر ’رحمت سرکار’رضوان 2025 کے الفاظ درج تھے، جن کے ساتھ کچھ نمبرز بھی تحریر تھے۔ حکام کے مطابق یہ نشانات اسے مشتبہ بناتے ہیں کیونکہ ماضی میں بھی سرحدی علاقوں سے اس نوعیت کے کبوتروں کی برآمدگی کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کئی پہلوؤں کی جانچ کی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کبوتر کے پروں پر مخصوص اسٹیمپنگ بھی پائی گئی ہے، جو ممکنہ طور پر کسی تربیت یافتہ یا پیغام رساں مقصد سے اس کے استعمال کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ ایسے واقعات اس سے قبل بھی سرحدی اضلاع پونچھ، راجوری اور اکھنور میں سامنے آ چکے ہیں، جنہیں سیکیورٹی ماہرین بعض اوقات ایک طریقۂ رابطہ یا نگرانی کے آلے کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے پرندے کو پلانوالہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا، جہاں ابتدائی جانچ کے بعد اسے مزید سکیورٹی ایجنسیوں کے سپرد کیا جائے گا تاکہ اس کے جسم پر موجود نشانات، انگوٹھیوں کے نمبر اور ممکنہ پیغام رسانی کے پہلوؤں کی تفتیش کی جا سکے۔
ادھر سرحدی علاقوں میں رہنے والے باشندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی مشکوک پرندے یا شے کا مشاہدہ ہو تو فوری طور پر پولیس یا سیکیورٹی فورسز کو مطلع کریں۔
0
