0

ایچ ڈی ایف سی بینک فراڈ کیس: پانچ ملازمین گرفتار، شوپیاں اور بڈگام میں تلاشی کارروائیاں

سری نگر، 18 فروری (یو این آئی) جموں وکشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ ( ای او ڈبلیو) ایچ ڈی ایف سی بینک فراڈ کیس میں شوپیاں اور بڈگام اضلاع میں ا ایف آئی آر نمبر30/2025 کے سلسلے میں تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہے اور اس ضمن میں پانچ ملازموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ مقدمہ آئی ٹی ایکٹ اور بھارتیہ نیائے سنہتا کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو کشمیر میں درج کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایچ ڈی ایف سی بینک کی برانچ یونٹ شوپیاں میں بڑے پیمانے پر مالی بد عنوانی سے متعلق ایک تحریری شکایت کے بعد منظر عام پر آیا۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پی ایچ کیو جموں و کشمیر کی ہدایت پر اس کیس کو پولیس اسٹیشن شوپیاں سے جامع تحقیقات کے لئے کرائم برانچ جموں وکشمیر کے سپرد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں اب تک بینک کے پانچ ملازموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کی شناخت عادل ایوب گنائی ولد محمد ایوب گنائی ساکن میمندر شوپیاں حال حمزہ کالونی باغات کنی پورہ، عرفان مجید زرگر ولد عبدالمجید زرگر ساکن شیخ محلہ بونی گام شوپیاں، مبشر حسین شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن کرینا کولگام، زید منظور ولد منظور احمد ساکن کھنہ بل اننت ناگ اور جاوید احمد بٹ ولد عبد الرحیم بٹ ساکن راج پورہ پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کیس میں شواہد اکٹھا کرنے کے لئے شوپیاں اور بڈگام اضلاع کے مختلف مقامات پر اس وقت بھی تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں