نئی دہلی، 23 مارچ (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سری نگر زونل آفس نے آج بتایا کہ اس نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کی دفعات کے تحت 16,86,465 روپے کی ناجائزرقم قرق (ضبط) کر لی ہے۔
قرق کی گئی یہ رقم کرول باغ میں واقع ایچ ڈی ایف سی بینک میں ‘جیویکا فاؤنڈیشنز’ کے نام سے چلائے جانے والے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہے۔ اس اکاؤنٹ کو ملزم گورو کمار چلاتا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ ‘ڈیجیٹل اریسٹ’ کے نام سے مشہور ایک منظم سائبر دھوکہ دہی کے ریکیٹ میں ملوث ہے۔
ای ڈی نے کشمیر زون کے سائبر پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر اور سری نگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے دائر ابتدائی چارج شیٹ کی بنیاد پر پی ایم ایل اے تحقیقات شروع کی تھی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گورو کمار نے گرپریت سنگھ، اجول چوہان اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹرائی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا افسر بن کر لوگوں کو ٹھگا۔ متاثرین کو قومی سلامتی سے منسلک منی لانڈرنگ کے معاملات میں ملوث ہونے کا جھانسہ دے کر انہیں گرفتار کرنے کی دھمکی دی گئی۔ ذہنی دباؤ اور خوف کے باعث متاثرین کو اپنی فکسڈ ڈپازٹ (ایف ڈی ) تڑوانے اور پیسے منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا۔
کام کرنے کے اس طریقے کے ذریعے 21 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی اور یہ رقم ‘جیویکا فاؤنڈیشنز’ کے بینک اکاؤنٹ میں بھیجی گئی، جو اس دھوکہ دہی کا مرکزی فائدہ اٹھانے والا ادارہ تھا۔ اس رقم میں سے 4,13,535 روپے پہلے ہی 28 ستمبر 2024 کے عدالتی حکم کے مطابق شکایت کنندہ کو واپس کر دیے گئے ہیں۔ جیویکا فاؤنڈیشنز کے اکاؤنٹ میں باقی بچے 16,86,465 روپے کو اب قرق کر لیا گیا ہے۔
0
