0

اے سی بی کی کارروائی، چار سرکاری اہلکار رشوت لیتے ہوئے گرفتار

جموں،20جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے تین الگ الگ کارروائیوں میں پی ڈبلیو ڈی کے دو ملازمین، ایک اے ایس آئی اور ایک پٹواری کو رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اُدھمپور میں اے سی بی کو موصول شکایت کی بنیاد پر انیل جموال اور جیت کمار کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں دونوں کو کنٹریکٹر کارڈ جاری کرنے کے بدلے بارہ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جبکہ ان کے دفاتر اور رہائش گاہوں پر تلاشی بھی لی گئی۔
اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق راجوری کے مینڈھر علاقے میں اے ایس آئی زمرّت منہاس کو شکایت گزار سے ایک مالی تنازعہ نمٹانے کے بہانے رشوت طلب کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ اے ایس آئی کو پانچ ہزار روپے لیتے ہوئے پکڑا گیا اور بعد میں اس کے مینڈھر، سرنکوٹ اور جموں میں واقع گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے۔
ایک اور کارروائی میں کوٹرنکہ میں تعینات پٹواری محمد رزاق کو شکایت گزار کی بیٹیوں کے نام ریونیو ریکارڈ میں درج کرنے کے بدلے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پٹواری کو دس ہزار روپے کی غیر قانونی رقم وصول کرتے وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جبکہ اس کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔
اے سی بی کے مطابق تینوں مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں