0

بارہمولہ پولیس نے کانسٹیبل کی نظرثانی درخواست مسترد کی، سزا برقرار

سری نگر، 2 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر میں بارہمولہ کی پولیس نے ایک کانسٹیبل کی نظرثانی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے عام لوگوں کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے میں دی گئی سزا کو برقرار رکھا ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں پایا گیا تھا کہ پولیس پوسٹ ‘باب ریشی’ میں تعینات سید سجاد احمد مقامی دکانداروں سے رقم ادا کیے بغیر بار بار سامان لیتے تھے، جب کہ انہیں پہلے ہی اس حوالے سے تنبیہ کی جا چکی تھی۔ متعلقہ اہلکار کا یہ طرزِ عمل بار بار، دانستہ اور ایک پولیس افسر کے عہدے کے منافی تھا، جس سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔
اس معاملے میں پہلے ‘تین سال کے لیے سالانہ تنخواہ میں اضافہ روکنے’ کی سزا دی گئی تھی، جسے نظرثانی کے بعد بھی مکمل طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔ درخواست میں ذاتی مشکلات اور پشیمانی کا حوالہ دیا گیا تھا، لیکن کسی نئے حقیقت یا طریقہ کار کی غلطی کا سراغ نہیں ملا، جس کی بنا پر اصل حکم میں مداخلت کو مناسب نہیں سمجھا گیا۔
پولیس نے کہا کہ بدسلوکی کی سنگینی اور عوام کے بھروسے پر اس کے اثرات کو دیکھتے ہوئے یہ سزا مناسب ہے۔
بارہمولہ پولیس نے واضح کیا کہ وہ اختیارات کے غلط استعمال اور عوامی اعتماد کو متاثر کرنے والے رویے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور اس کے خلاف ‘زیرو ٹولرینس’ کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس فورس کے اندر ایمانداری، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے سخت تادیبی کارروائی جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں