سری نگر، 11 جنوری (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کرناہ علاقے میں دوران شب آتشزدگی کے ایک واقعے میں تین رہائشی مکان اور ایک گائو خانہ خاکستر ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے کنڈی کرناہ علاقے میں دوران شب آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے تین مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس کے شعلوں اور دھویں کو دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے متعلق اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے فوج، پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو قابو میں کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں تین رہائشی مکان اور ایک گائو خانے کو شدید نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ وادی میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے اہلیان وادی میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خشک موسمی صورتحال اور گرمی کے لئے الیکٹرانک آلات کو لا پرواہی سے استعمال کرنا اور ان کا بے تحاشا استعمال آگ لگنے کی وجوہات میں شامل ہیں۔
0
