جموں25اکتوبر(یو این آئی)جموں ریلوے ڈویژن نے تہواروں کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے محض دس دنوں میں 32 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس دوران 2500 سے زائد مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے ہفتے کے روز بتایا کہ تہواروں کے دوران مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور غیر قانونی سفر کو روکنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ٹکٹ چیکنگ مہم چلائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ 24 اکتوبر کو ہی ٹکٹ چیکنگ کے دوران 1200 مسافروں پر کارروائی کرتے ہوئے 7 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔
ان کے مطابق گزشتہ دس دنوں میں چلائی گئی اس مہم کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 2500 سے زیادہ مسافروں سے 32 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔
اُچت سنگھل کے مطابق تہواروں کے موقع پر ٹکٹ چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا گیا جس کے نتیجے میں نہ صرف ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہوا بلکہ باقاعدہ ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے سفر کا تجربہ بھی بہتر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نو تشکیل شدہ جموں ریلوے ڈویژن نے عملے کی قلت کے باوجود شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ٹکٹ چیکنگ کو منظم انداز میں بڑھانے کے اقدامات سے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ریلوے کی آمدنی کے ساتھ ساتھ مسافروں کے اطمینان میں بھی اضافہ ہو۔
ریلوے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی یا جرمانے سے بچا جا سکے۔
0
