0

جموں میں سرحد پار منشیات و اسلحہ ریکیٹ کا ایک اور رُکن گرفتار، تعداد سات ہو گئی

جموں،9 جنوری (یو این آئی) جموں پولیس نے سرحد پار منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ سے وابستہ ایک بڑے ریکیٹ میں مزید ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے ساتھ اس کیس میں گرفتار افراد کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کو ’آپریشن سنجیونی‘ کے تحت انجام دیا گیا، جو وادی اور جموں خطے میں سرگرم نارکو ٹیرر نیٹ ورکس کے خلاف جاری ایک مضبوط اور مربوط کریک ڈاؤن ہے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ برس 5 دسمبر کو اس بین الاقوامی ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا تھا اور پولیس نے ابتدائی کارروائی کے دوران چھ افراد کو گرفتار کرکے تقریباً پانچ کلو گرام ہیرائن برآمد کی تھی، جس کی بازار میں قیمت 30 کروڑ روپے کے قریب بتائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ تین پستول بھی ضبط کی گئی تھیں جو اس نیٹ ورک کی سرحد پار روابط اور دہشت گرد سرگرمیوں سے ممکنہ جڑے ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
پولیس نے کہا کہ تازہ گرفتاری گزشتہ روز عمل میں لائی گئی ہے اور ابتدائی پوچھ گچھ کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق اسی نیٹ ورک سے ہے جو پاکستان سے منشیات اور اسلحہ کی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔ پولیس مزید پوچھ گچھ اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اس پورے چین کو بے نقاب کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سنجیونی‘ کے تحت جموں پولیس کا مقصد ایسے نیٹ ورکس کو پوری طرح تباہ کرنا ہے جو منشیات کے ذریعے دہشت گردی کی مالی معاونت کرتے ہیں۔ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور تفتیش میں اہم پیش رفت ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں