جموں،13دسمبر(یو این آئی) جموں میں منشیات کے خلاف مہم کے تحت مبینہ منشیات فروشوں سے منسوب آٹھ غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع کٹھوعہ میں ایک شخص کو منشیات کی برآمدگی کے بعد گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ضلع انتظامیہ جموں نے بہو تحصیل کے نروال بالا گاؤں میں ایک خصوصی مہم کے دوران غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ ڈھانچوں کے خلاف کارروائی کی۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ جموں کی ہدایت پر پولیس کے اشتراک سے انجام دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مسمار کیے گئے ڈھانچے ایسے افراد سے منسوب تھے جن کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو پہلے ہی غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہنے کے لیے موقع دیا گیا تھا، تاہم کارروائی کے باوجود وہ منشیات کے لین دین میں ملوث پائے گئے۔ حکام نے واضح کیا کہ قانون شکنی، ناجائز تجاوزات اور منشیات سے متعلق جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
دوسری جانب ضلع کٹھوعہ کے ناگری علاقے میں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روکا جس دوران اس کے قبضے سے 6.64 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار شخص کی شناخت پرویندر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے موٹر سائیکل کو ضبط کرتے ہوئے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
0
