جموں، 12 جنوری (یو این آئی) شدید سردیوں اور صبح کے وقت گہری دھند رہنے نے جموں بھر میں معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گہری دھند کی وجہ سے صبح کے وقت مرئیت کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو بہت دھیمی رفتار اور ہیڈ لائیٹس کو چالو کرکے ہی چلنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے صبح کے وقت سڑکوں پر بہت ہی کم گاڑیاں چلتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
ادھر ٹھنڈ میں اضافہ ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سخت سردیوں اور دھند کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے پر ہیز کر رہے ہیں۔
ایک دکاندار نے میڈیا کو بتایا: ‘سخت سردیوں اور ٹھنڈ کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہو رہا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم بھی مجبوری کی حالت میں ہی دکان پر آتے ہیں ورنہ صحت سب سے اہم ہے، ہم بھی اس ٹھنڈ میں کہاں گھر سے نکلتے لیکن پیچھے عیال ہے جس کو پالنا ہے’۔
ایک اور تاجر نے کہا: ‘دھند کی وجہ سے ہر کوئی بندہ پریشان ہے، دکاندار، گاڑی والا، ریڑھی والا ہر کوئی مشکل میں ہے، کاروبار پر بہت اثر پڑ رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ کسان بھی پریشان ہیں کیونکہ ٹھنڈ تو ہے لیکن بارش نہیں ہو رہی ہے جس سے ان کی فصلیں سوکھ رہی ہیں’۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے پانچ دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند کا راج قائم رہ سکتا ہے۔
ادھر دھند کی وجہ سے جموں ہوائی اڈے پر پیر کو تین پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
0
