0

جموں میں پالیسی فیصلوں کی تیاری، کابینہ آج کرے گی اہم غور و خوض

جموں، 26 مارچ (عقاب ویب ڈیسک): جموں و کشمیر کی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج جمعرات کو جموں میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں بجٹ اجلاس کی دوبارہ شروعات سے قبل کئی اہم انتظامی اور قانون سازی سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس کے ایجنڈے میں مرکزی حکومت کے ساتھ جل جیون مشن فیز دوم (جے جے ایم-II) کے نفاذ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ایک اہم نکتہ ہے۔ یو ٹی حکومت اس اسکیم کے تحت 1500 کروڑ روپے کی مالی معاونت حاصل کرنے کی خواہاں ہے، تاہم مرکز نے واضح کیا ہے کہ فنڈز کی اجرائیگی ایم او یو پر دستخط اور بعض شرائط کی تکمیل کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق، جے جے ایم فیز دوم میں دو اجزاء شامل ہوں گے: نئے منصوبے اور موجودہ اسکیموں کی بہتری (ریٹروفٹنگ)۔ نئے منصوبوں کے لیے مرکزی معاونت دستیاب ہوگی، جبکہ ریٹروفٹنگ کا خرچ یو ٹی حکومت برداشت کرے گی۔ مرکز کی جانب سے چند شرائط بھی عائد کی گئی ہیں جن میں سوجل گاؤں آئی ڈی کی تخلیق، فنڈز کی ہم آہنگی (ریکنسلی ایشن) اور ایم او یو پر باضابطہ دستخط شامل ہیں، جن کے بعد ہی مالی امداد کے لیے اہلیت حاصل ہوگی۔

کابینہ کے اجلاس میں موجودہ بجٹ سیشن کے دوران پیش کیے جانے والے متعدد سرکاری بلوں پر بھی غور و منظوری متوقع ہے۔ ان میں جموں و کشمیر میں نجی یونیورسٹیوں کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانا اور تعلیمی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ نجی اراکین کی جانب سے پیش کردہ مختلف بلوں اور قراردادوں پر حکومت کے ردعمل پر بھی غور کر سکتی ہے، جن میں شراب اور تمباکو پر پابندی اور ڈیلی ویجرز کی مستقلی جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔ حکومت پہلے ہی عندیہ دے چکی ہے کہ ڈیلی ویجرز کی مستقلی کا عمل رواں سال شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں جے کے اے ایس افسران کی ترقیوں اور تبادلوں سمیت دیگر انتظامی امور بھی زیر بحث آ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 27 مارچ سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے جو 4 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں اہم قانون سازی بشمول منظوریِ بجٹ (اپروپریشن بل) شامل ہے۔ کابینہ کے تمام فیصلے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔ (کے این سی)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں