جموں،18فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کے روز اسمبلی میں بتایا ہے کہ سیب، زعفران، آم اور لیچی سمیت اہم باغاتی فصلوں کے لیے موسم پر مبنی ری اسٹرکچرڈ فصل انشورنس اسکیم کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور منتخب کمپنیوں کو حتمی منظوری جلد دی جائے گی۔
رکن اسمبلی شوکت حسین گنائی کے سوال کے جواب میں محکمہ باغبانی نے بتایا کہ کشمیر میں سیب اور زعفران جب کہ جموں ڈویژن میں آم، لیچی اور ضلع کشتواڑ کا زعفران اس اسکیم کے دائرے میں شامل ہے۔
حکومت کے مطابق اس اسکیم کو عملی شکل دینے کے لیے مرکزی حکومت کی منظور شدہ انشورنس کمپنیوں سے بولیاں منگوائی گئیں۔ کشمیر کے لیے چار کمپنیوں— اے آئی سی، ٹیٹا اے آئی جی، ریلائنس جنرل اور ایفکو ٹوکیو — نے بولیاں جمع کیں، جبکہ جموں کے لیے پانچ کمپنیوں نے حصہ لیا جن میں چولامس بھی شامل ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کردہ پریمیم شرحوں کا تفصیلی جائزہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ تکنیکی جانچ کے بعد کشمیر کے تین کلسٹروں (K1, K2, K3) کے لیے اے آئی سی اور جموں کے کلسٹر J1 کے لیے ٹیٹا اے آئی جی کو کم ترین بولی دہندہ (L1) قرار دیا گیا ہے۔
وزیر انچارج زراعت نے یقین دہانی کرائی کہ الاٹمنٹ کا باضابطہ عمل جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ باغبانوں کو موسم کی شدت، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور دیگر موسمی خطرات سے ہونے والے نقصان کی مؤثر تلافی فراہم ہو سکے۔
0
