سری نگر، 28 ستمبر (یو این آئی) سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر دو در اندازوں کو ہلاک کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس پار مسلح دراندازوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی اور سیکورٹی فورسز نے فوری جواب دیا، اور دراندازی کو ناکام بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے کہا: ‘دونوں در اندازوں کو آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا’۔
تاہم در اندازوں کی شناخت یا تنظیمی وابستگی فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
ادھر فوج یا پولیس کی طرف سے اس ضمن میں ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل اشوک یادو نے بتایا کہ سر حد پار لانچنگ پیڈز پر دہشت گرد در اندازی کرنے کے انتظار میں ہیں لیکن سیکورٹی فورسز کسی بھی چلینج سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
