سری نگر،27ستمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکزکے زیرانتظام علاقہ کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آئندہ ماہ طلب کر لیا ہے۔ سرکاری نوٹس کے مطابق یہ اجلاس 23 اکتوبر بروز جمعرات صبح 10 بجے سری نگر میں منعقد ہوگا۔
اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 18(1) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 23اکتوبر 2025کو سری نگر میں صبح دس بجے طلب کیا ہے۔
سیکریٹریٹ نے تمام اراکین اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر اس اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ یہ اجلاس ایسے وقت بلایا گیا ہے جب ریاستی سیاست اور خطے کے حالات مختلف پہلوؤں سے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اسمبلی اجلاس کے دوران اہم عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبے اور حالیہ سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
