جموں، 23 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ کے ایک گاؤں میں ایک سابق سرپنچ کے گھر کے باہر مشکوک دھماکہ ہونے سے سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہاں پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی علی الصبح ضلع سانبہ کی گھگوال تحصیل کے گوالا تالاب کے رہائشی سابق سرپنچ جے رام شرما کی رہائش گاہ کے باہر ایک مشکوک دھماکہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ “واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، لیکن دھماکے کی وجہ سے گھر کے گیٹ کو نقصان پہنچا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ سابق سرپنچ نے فوری طور پر گھگوال پولیس اسٹیشن کو مطلع کیا، جس کے بعد فارنسک سائنس لیبارٹری کے ماہرین کے ساتھ ایک پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے معاملے کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔”
0
