جموں، 26 مارچ (عقاب نیوز ڈیسک): لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نیوز ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) کے مطابق، یہ منظوری جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 36(1) کے تحت دی گئی ہے، جس کے ذریعے پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید الرحمن پرّا کو “جموں و کشمیر علاقائی انتظامی تنظیم نو بل 2026” ایوان میں پیش کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
مجوزہ بل میں نئے ڈویژنز کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، جن میں چناب ڈویژن (ہیڈکوارٹر ڈوڈہ) اور پیر پنچال ڈویژن (ہیڈکوارٹر راجوری) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں نئے اضلاع بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے، جن میں ترال، اشمقام، بیرواہ، سوپور، ہندواڑہ، سمبل، تنگدھار-کرناہ وغیرہ شامل ہیں۔
بل کا مقصد متوازن علاقائی ترقی، انتظامی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں جغرافیائی پھیلاؤ اور دشوار گزار علاقہ انتظامی چیلنجز پیدا کرتے ہیں۔
یہ تجویز اسمبلی سیکریٹریٹ کو پیش کی جا چکی ہے اور امکان ہے کہ جاری بجٹ اجلاس، جو 27 مارچ سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے، کے دوران اس پر غور کیا جائے گا، جبکہ پرائیویٹ ممبرز کے بلز پر بحث اجلاس کے بعد کے مرحلے میں متوقع ہے۔
