سری نگر،11دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے ریاست میں مبینہ طور پر ملاوٹ شدہ انڈوں کی فروخت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر فوری انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب رکنِ اسمبلی تنویر صادق نے سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ کچھ علاقوں میں ایسے انڈے فروخت ہو رہے ہیں جن میں ممکنہ طور پر زہریلے اور سرطان کا باعث بننے والے اجزا شامل ہو سکتے ہیں۔
وزارت خوراک، شہری رسدات و امور صارفین کے دفتر سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ معاملہ تنویر صادق کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹس کے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر یہ اطلاعات درست نکلیں تو صارفین کی صحت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
متعلقہ وزیرستیش شرما نے محکمہ لیگل میٹرولوجی کے کنٹرولر کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کی جانچ کریں اور حقائق کا تعین کریں۔ محکمے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ دو دن کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرے، جسے وزیر کے سامنے رکھا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، تفتیش کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا واقعی ملاوٹ شدہ انڈے مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو حکومت نہ صرف ان ملاوٹی انڈوں کے ماخذ کی نشاندہی کرے گی بلکہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائے گی تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
0
