0

جموں پولیس کی بڑی کارروائی، ہائی پروفائل مقدمے میں ایک اور ملزم گرفتار

جموں، 10 جنوری (یو این آئی) جموں پولیس نے پولیس اسٹیشن گاندھی نگر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک ہائی پروفائل مقدمے میں ایک اور ملزم کو گرفتار کرکے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں بین ضلعی، بین ریاستی اور سرحد پار منشیات و اسحلہ نیٹ ورک کے انکشافات سامنے آئے ہیں جو ایک گہری، مسلسل اور پیشہ ورانہ تفتیش کا نتیجہ ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں پولیس (سائوتھ زون) نے پولیس اسٹیشن گاندھی نگر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات اور بی این ایس کی دفعہ 111 کے تحت درج ایک ہائی پروفائل مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 249/2025 میں ایک اور کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں بین ضلعی، بین ریاستی اور سرحد پار منشیات و اسحلہ نیٹ ورک کے انکشافات سامنے آئے ہیں جو ایک گہری، مسلسل اور پیشہ ورانہ تفتیش کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 14 نومبر 2025 کو پولیس اسٹیشن گاندھی نگر نے گشت کے دوران دو افراد کو گرفتار کرنے کے بعد مذکورہ ایف آئی آر درج کی تھی جس کے بعد ایک منظم نارکو ٹیرر ماڈیول بے نقاب ہوا اور تفتیش کے دوران متعدد ملزموں کو گرفتار کیا گیا جن میں منشیات فروش، مالیاتی ہینڈ لرز اور جیل میں موجود سہولت کار شامل ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس دوران تقریباً 4.95 کلو ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد، تین پستول، کارتوس اور ایک ترمیم شدہ گاڑی ضبط کی گئی جس سے سر حد پار روابط کا بھی انکشاف ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مزید گہری اور پیشہ ورانہ تفتیش کے دوران ایس پی سٹی سائوتھ اور ایس ڈی پی او سٹی سائوتھ کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 3 جنوری 2026 کو ملزم روہت کمار عرف مکھن ولد بودھ راج ساکن رائیاں کوٹلیاں آر ایس پورہ جموں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں 7 جنوری 2026 کو ملزم کے انکشاف پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اس کے رہائشی مکان واقع رائیاں کوٹلیاں آر ایس پورہ میں تلاشی کارروائی انجام دی جس دوران ایک پستول، ایک میگزین اور تین زندہ کارتوس بر آمد کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود کو اسی مقدمے میں ضبط کیا گیا، ملزم اس وقت حراست میں ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے
ان کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری، مالی و لاجسٹک چینلز کی کھوج اور سرحد پار و بین ریاستی روابط مکمل طور پر بے نقاب کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں