جموں،23فروری(یو این آئی) جموں کے ڈومانا علاقے میں اس وقت سیکیورٹی ایجنسیاں چوکس ہوگئیں جب پیر کی صبح ایک نجی اسکول کے احاطے میں ایک ڈرون مشتبہ حالت میں پایا گیا۔ اسکول کے سیکیورٹی گارڈ نے معمول کی گشت کے دوران ڈرون کو زمین پر گرا ہوا دیکھا اور فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ڈرون کو ضبط کیا اور ابتدائی معائنے میں اسے کھلونا ڈرون قرار دیا، تاہم اس کے باوجود اسے مکمل جانچ کے لیے فورینسک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا تکنیکی ترمیم کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے تفصیلی رپورٹ کا انتظار ضروری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون کے ملنے کی جگہ، وقت اور اس کی حالت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جارہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ محض ایک کھلونا ہے یا کسی شخص نے اسے اسکول کے قریب مقصد کے تحت استعمال کیا۔
علاقے میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ تھانے نے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔
0
