سری نگر،06دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کو جاری ایک اہم وضاحتی بیان میں کہا کہ جے کے پی ایس سی امتحانات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کا بڑا حصہ گمراہ کن ہے اور حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ایل جی کے مطابق عمر میں نرمی سے متعلق فائل 2 دسمبر کو لوک بھون پہنچی تھی، اور اس کا امتحان کے انعقاد سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں تھا۔
ایل جی سنہا نے ایکس پر جاری پوسٹ میں بتایا کہ متعلقہ فائل کو اسی دن یہ جاننے کے لیے واپس بھیجا گیا کہ آیا امتحان سے صرف چند دن قبل اہلیت کے معیار میں تبدیلی لانا عملی طور پر ممکن ہے یا نہیں۔ تاہم اُن کے بقول، فائل واپس بھیجے جانے کے بعد چار دن گزر جانے کے باوجود اس استفسار کا جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے نوجوان امیدواروں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ’جے کے پی ایس سی‘ نے 22 اگست 2025 کو امتحان کا اشتہار جاری کیا تھا، جبکہ 7 دسمبر 2025 کو ہونے والے امتحان کی باضابطہ تاریخ 6 نومبر 2025 کو نوٹیفائی کی گئی تھی۔
ایل جی نے کہا کہ امتحانات سے متعلق حقائق کو درست تناظر میں دیکھنا ضروری ہے اور انتظامیہ اس معاملے پر شفافیت برقرار رکھنے کی پابند ہے۔
0
