سری نگر:۸، اکتوبر : حالیہ برف وباراں کے بعد پوری کشمیر وادی کیساتھ ساتھ وادی چناب میں بھی دن اوررات کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق منگل اوربدھ کی درمیانی رات کشمیر وادی میں رات کا پارہ معمول سے ایک اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیاگیا اور سیاحتی مقام گلمرگ صفر ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ سرد ترین مقام رہا۔اُدھر جموں خطے میں رات کا پارہ معمول سے ایک اعشاریہ دوڈگری سینٹی گریڈکم درج ہوا جبکہ 4.7ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ بانہال سرد ترین مقام تھا۔رات کیساتھ ساتھ دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی واقعہ ہورہی ہے ،اور لوگوںنے گھروںمیں کمروں کو گرم رکھنے والے بجلی پرچلنے والے آلات کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور اب لوگ رات کے وقت موٹی کمبل یا رضائی اوڑھ کرہی سوتے ہیں ۔صبح اورشام کے وقت سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ اسکولی بچوںنے بھی ہلکی بنیان ،کوٹ یا جیکٹ پہننا شروع کردیاہے ۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگر نے بدھ کو کہیں کہیں مختصر وقت کیلئے ہلکی بارش کاامکان ظاہر کرتے ہوئے 9سے 18اکتوبرتک موسم مجموعی طور پرخشک رہنے کی پیش گوئی کی ۔ موسمی صورتحال بہتر ہونے کیساتھ ہی کسانوں نے کھیتوں میں جمع فصلوںکو محفوظ اورذخیرہ کرنے کا عمل تیز کردیاہے جبکہ باغ مالکان اورمیوہ تاجروںنے درختوں پر تیار سیب کے دانوںکو اُتارنے کاکام تیز کردیاہے اور اب بیشتر میوہ باغات میں بنائے گئے عارضی شیڈوںمیںسیب کی بھرائی یا ڈبہ بندی کاکام شدومدسے جاری ہے۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے بھی کسانوں اور باغ مالکان کو اپنے کام معمول کے مطابق جاری رکھنے کی صلاح دی ہے ۔
0
