0

خراب موسمی صورتحال کے دوران کوکر ناگ میں دو فوجی لاپتہ، تلاش جاری: دفاعی ترجمان

سری نگر،8اکتوبر(یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول جنگلات میں شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے سبب دو فوجی اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں۔ فوج نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ جوان اس وقت لاپتہ ہوئے جب ایک آپریشنل ٹیم کو برفانی طوفان کا سامنا کرنا پڑا۔
فوج کی چنار کورکی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 6اور 7 اکتوبر کی درمیانی شب، کشتواڑ رینج پر تعینات ایک آپریشنل ٹیم کو جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفانی طوفان اور سفید دھند جیسی خطرناک موسمی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد دو اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق، لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس میں فوج کے ساتھ پولیس اور دیگر ایجنسیاں بھی شریک ہیں۔ تاہم، خراب موسم، برفباری اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کی وجہ سے ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ لاپتہ اہلکاروں کو تلاش کرنے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں موسم مسلسل خراب ہے، جس کے باعث زمینی آپریشن میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
فوج کے ترجمان کے مطابق ہم اپنے ساتھیوں کی محفوظ واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اور جب تک انہیں تلاش نہیں کیا جاتا، آپریشن جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں