سری نگر،09 دسمبر(یو این آئی)قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہلی دھماکہ کیس کے سلسلے میں منگل کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران این آئی اے نے دہلی سے گرفتار دو مرکزی ملزمان ڈاکٹر عدیل راتھر اور جاسر بلال وانی کو بھی ساتھ لائی تاکہ وہ تفتیشی مراحل میں بتائی گئی جگہوں کی براہِ راست نشاندہی کر سکیں۔
این آئی اے کی ٹیم نے صبح سویرے ہی مقامی پولیس کے ساتھ مل کر مٹن کے گھنے جنگلات کا محاصرہ کیا اور وہاں باریک بینی سے تلاشی مہم چلائی جس دوران متعدد جگہوں کی کھدائی اور تکنیکی معائنہ کیا گیا۔
این آئی اے کی قیادت میں کی گئی یہ کارروائیاں بتاتی ہیں کہ تفتیشی ٹیمیں زمینی سطح پر شواہد اور نیٹ ورک کے روابط کی کھوج کے لیے عینی شاہدین اور ملزمان کی مدد سے نشاندہی شدہ مقامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملزمان کی جانب سے دی گئی معلومات نے تلاشی کی سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کارروائی کے دوران مقامی پولیس اور نیم فوجی دستوں نے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے اور سرچ ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔ مکینوں سے بھی گزارش کی گئی کہ کسی بھی مشکوک شے یا سرگرمی کے بارے میں فوراً متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ تفتیشی عمل میں تعاون ممکن ہو سکے۔
این آئی اے کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ پریس بریفنگ جاری نہیں کی گئی، البتہ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ شواہد اور ملزمان کے بیانات کی تکنیکی جانچ کے بعد ممکنہ متعلقہ افراد یا مقامات کے خلاف مزید کارروائیاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔ اس پورے آپریشن کو حساس اور اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ملزمان کی جانب سے کی گئی نشاندہی نے کیس کی سمت متعین کرنے میں نئے زاویے کھول دیے ہیں۔
0
