0

راجوری اور ادھم پور میں دہشت گرد مخالف آپریشن جاری

جموں،8اکتوبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بدھ کو تلاشی آپریشدن جاری رہا، تاہم پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی مختصر فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا۔
اطلاعات کے مطابق راجوری ضلع کے گاؤں ڈھار سکھری میں بدھ کے روز سرچ آپریشن جاری رہا، جہاں منگل کی شام پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ حکام نے بتایا کہ علاقے میں مزید فورسز پہنچا دی گئی ہیں اور بدھ کی صبح تک علاقے میں کسی بھی طرح کی فائرنگ نہیں ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فوج، نیم فوجی دستے اور پولیس کے اہلکار علاقے میں محاصرہ برقرار رکھنے کے لیے پہنچ گئے تاکہ دہشت گرد رات کے دوران فرار نہ ہو سکیں۔ سینئر افسران بھی موقع پر موجود ہیں اور مقامی لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں جب تک علاقے کو دہشت گردوں سے کلیئر نہیں کیا جاتا۔
اسی دوران، بدھ کو ادھمپور ضلع کے بسنت گڑھ کے ڈھارنی ٹاپ علاقے میں بھی سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب مقامی لوگوں نے تین مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع دی۔ بسنت گڑھ کے جنگلات میں پہلے بھی دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی، جس کے نتیجے میں یہاں متعدد آپریشنز اور ماضی میں فائرنگ کے تبادلے بھی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ 26 جون کو بسنت گڑھ میں دہشت گردوں کے ایک بڑے کمانڈر، حیدر المعروف مولوی، کو ہلاک کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز پورے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں، ان کے اوورگراؤنڈ ورکرز اور حامیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں