سری نگر،6اکتوبر(یو این آئی) جموں و کشمیر سے چار راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کیلئے پیر کے روز نامزدگیوں کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہوا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے اس سلسلے میں تین علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ 14 اکتوبر کو ان کی جانچ کی جائے گی۔ امیدوار اپنی نامزدگی 16 اکتوبر تک واپس لے سکتے ہیں۔ ای سی آئی نے اعلان کیا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو پولنگ 24 اکتوبر کو منعقد ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی بھی کی جائے گی۔
چار نشستوں کیلئے تین علیحدہ انتخابات کرائے جائیں گے، جن میں پہلی اور دوسری نشست کیلئے الگ الگ انتخاب ہوگا جبکہ باقی دو نشستوں کیلئے مشترکہ انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے اتحاد کو تین نشستوں پر آرام دہ پوزیشن حاصل ہے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چوتھی نشست پر مضبوط دعویدار کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ایوان میں عددی توازن کے حساب سے بی جے پی کے امکانات روشن ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایوان میں سات آزاد ممبران بھی موجود ہیں، جو کسی بھی تسلیم شدہ یا رجسٹرڈ پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب نہیں ہوئے ہیں، اور انہیں اپنے ووٹ پولنگ ایجنٹوں کو دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ماہرین کے مطابق چونکہ راجیہ سبھا انتخابات پر دسویں شیڈول یعنی اینٹی ڈیفیکشن قانون کا اطلاق نہیں ہوتا، اس لئے سیاسی جماعتیں اپنے اراکین کو وہپ جاری نہیں کر سکتیں۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابی نتائج میں آزاد اراکین کا کردار خاصا اہم مانا جا رہا ہے۔
