سری نگر :۶۲،ستمبر : جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو سری نگر کے راج بھون میں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی ایک اہم اوراعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں خطے کی تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔جے کے این ایس کو ملی تفصیلات کے مطابق جمعہ کو صبح 11بجے راج بھون سری نگرمیں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکی زیر صدارت یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی ایک اہم اوراعلیٰ سطحی میٹنگ میں فوج کی شمالی کمان کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، فوج کی چنارکور کے کمانڈر،ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات ، چیف سیکرٹری اتل ڈولو اورنیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔خیال رہے یہ22اپریل کی پہلگام شہری ہلاکتوں کے بعدہوئے آپریشن سندورکی کامیابی کے بعد اس سال مئی میں ہونے والی میٹنگ کے بعد یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر UHQکا دوسرااہم اجلاس تھا۔ذرائع کے مطابق جمعہ کویہ اجلاس صبح 11 بجے شروع ہوا۔ یونیفائیڈ ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر میں کام کرنے والی سیکورٹی اور انٹیلی جنس کی اعلیٰ کمان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا خطے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیاجبکہ سیکورٹی حکام نے یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی میٹنگ کے دوران جموں وکشمیرمیں باقی بچی دہشت گردی کاخاتمہ کرنے کیلئے جاری کاروائیوں اورحکمت عملی کا خلاصہ کیا ۔انہوںنے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں اب گنے چنے دہشت گرد موجود اور سرگرم ہیں ،جن میں سے زیادہ تر پاکستانی ہیں ۔حکام نے بتایاکہ حالیہ برسوںمیں سیکورٹی ایجنسیوںنے باہمی تال میل اور اشتراک عمل کیساتھ دہشت گردی مخالف آپریشنوںمیں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ،کیونکہ دہشت گرد گروپوںکے اہم اور مطلوب کمانڈر مارے گئے ہیں جبکہ دہشت گردگروپوںمیں مقامی بھرتی کو صفرتک لایاگیا ہے ۔اجلاس میں آنے والے موسم سرما کی تیاریوں، دراندازی کی روکتھام ،پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر حالیہ اضافی سرگرمیوں اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مختلف سیکورٹی اور انٹلی جنس ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام کے ذریعہ لیفٹنٹ گورنر کو دی گئی بریفنگ میں بتایاگیاکہ اندرون جموں وکشمیر انسداد دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھنے کیساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں پر بھی نگرانی بڑھادی گئی ہے تاکہ دراندازی کی کوششوںکو بروقت کارروائیاں کرکے ناکام بنایاجاسکے ۔ذرائع نے کہا کہ لیفٹنٹ گورنر منوجسنہا کو جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوںکی موجودہ سیکورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں کے بارے میں اعلیٰ حکام کے ذریعہ بریفنگ دی گئی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی میٹنگ کے دوران اسبات پر زوردیاکہ ملک اور امن مخالف قوتوں ،گروپوں اورعناصر کو دوبارہ منظم یا سرگرم ہونے کاکوئی موقعہ نہ دیاجائے بلکہ دہشت گردی ،ملک دشمنی اور امن مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کیخلاف سختی کیساتھ نپٹا جائے ۔انہوں نے جمو ں وکشمیرمیں دہشت گردی کے خاتمے اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے پرسیکورٹی ایجنسیوں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوںکا باہمی تال میل اُن کی کامیابیوں کاایک اہم ہتھیار ہے ۔منوج سنہا نے جموں وکشمیرکی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ اب عام لوگ کسی بھی طور بدامنی ،تشدد یا افراتفری کے طرفدار نہیں ہیں ،اس لئے کسی بھی دہشت گردی مخالف کارروائی کے دوران عام لوگوںکے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے ۔
