0

رامبن میں بنگلہ دیشی خاتون غیر قانونی قیام پر گرفتار، پولیس نے امیگریشن قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا

جموں،06دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں پولیس نے ایک بنگلہ دیشی خاتون کو غیر قانونی طور پر سرحد پار داخل ہونے اور بغیر کسی سفری دستاویز کے قیام کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہپو اختر نامی خاتون، جو بنگلہ دیش سے تعلق رکھتی ہے، چند روز سے چندرکوٹ کے کنفر علاقے میں مشکوک حالت میں مقیم تھی اور اس کے پاس نہ پاسپورٹ تھا نہ ویزا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ خاتون اپنے شناختی کوائف چھپانے کی کوشش کر رہی تھی، جس سے اس کے مقصدِ قیام کے حوالے سے سنگین شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔
پولیس نے تحقیقات کے بعد اس کے خلاف امیگریشن اور فارنرز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ چندرکوٹ میں مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کو پناہ یا کسی قسم کی مدد فراہم نہ کریں، اور نہ ہی کسی قسم کے معاہدے یا شادی جیسے تعلقات قائم کریں جب تک ان کی قانونی حیثیت کی مکمل تصدیق نہ کرلی جائے، بصورت دیگر ان پر بھی قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔
پولیس نے کہا کہ وہ داخلی سیکورٹی کو برقرار رکھنے اور امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں