ہبلی،26 فروری (یو این آئی) رنجی ٹرافی فائنل کے تیسرے روز جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی نے اپنی شاندار بالنگ سے کرناٹک کے بیٹنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ تاہم، سلامی بلے باز مینک اگروال کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت کرناٹک نے میچ میں واپسی کی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک کرناٹک نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا لیے ہیں، لیکن وہ اب بھی جموں و کشمیر کے پہاڑ جیسے مجموعے سے 364 رنز پیچھے ہے۔
جموں و کشمیر نے آج اپنی پہلی اننگز 527 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ کرناٹک کے پیسر پرسدھ کرشنا نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے نچلے نمبروں کو جلد ٹھکانے لگا دیا۔ ساحل نے 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 584 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کرناٹک کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
584 رنز کے جواب میں جب کرناٹک نے بیٹنگ شروع کی تو عاقب نبی نے اپنی سوئنگ اور رفتار سے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔عاقب نبی نے کے ایل راہل (13) کو آؤٹ کرنے کے بعد کرون نائر اور آر سمرن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا۔ کپتان دیودت پڈیکل بھی صرف 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ایک وقت پر کرناٹک صرف 57 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر شدید دباؤ میں تھی۔ایسے نازک وقت پر مینک اگروال نے ایک اینڈ سنبھال لیا۔ انہوں نے شریس گوپال (27) کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 105 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی۔ دن کے اختتام پر مینک اگروال 130 رنز (207 گیندیں، 17 چوکے) بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ کرتک کرشنا 27 رنز بنا کر مینک کا ساتھ دے رہے ہیں۔چوتھے دن کا کھیل کرناٹک کے لیے انتہائی اہم ہوگا کیونکہ انہیں فالو آن سے بچنے کے لیے ابھی مزید رنز درکار ہیں۔
0
