سری نگر،29دسمبر(یو این آئی)سائبر پولیس اسٹیشن شوپیاں نے رواں سال مختلف سائبر فراڈ معاملات میں متاثرین سے لوٹے گئے 63 لاکھ 22 ہزار 792 روپے کی رقم برآمد کرکے متعلقہ قانونی و عدالتی ضوابط مکمل ہونے کے بعد متاثرین کو واپس کردی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کامیابی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ تفتیش اور تکنیکی وسائل کے مؤثر استعمال کا نتیجہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق سائبر پولیس شوپیاں کو یو پی آئی فراڈ، سوشل میڈیا اسکیم، جعلی لون درخواستوں، او ٹی پی کے غلط استعمال اور دیگر مالی سائبر جرائم سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔ شکایات کے ساتھ ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور تکنیکی و ڈیجیٹل ٹولز کی مدد سے تحقیقات آگے بڑھائی گئیں۔
بروقت مداخلت اور بینکوں و مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی کوآرڈی نیشن کے باعث کئی مشکوک ٹرانزیکشن اہم مراحل پر ہی منجمد کردی گئیں، جس سے نہ صرف مزید مالی نقصان رک سکا بلکہ متاثرین کی رقم کی واپسی بھی ممکن ہوئی۔
پولیس نے کہا کہ یہ برآمدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر پولیس سائبر جرائم سے نمٹنے اور متاثرین کو بروقت ریلیف دینے کے لیے اعلیٰ حکام کی ہدایات کے مطابق بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سائبر سکیورٹی اصولوں پر سختی سے عمل کریں، کسی کے ساتھ بینکنگ تفصیلات یا او ٹی پی شیئر نہ کریں اور کسی بھی سائبر دھوکہ دہی کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن 1930 پر اطلاع دیں۔
0
