نئی دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) بالی وڈ صرف ایک فلمی صنعت نہیں بلکہ کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اس دنیا کے ستارے جب پردہ سیمیں پر جلوہ گر ہوتے ہیں تو زندگی مسکرا اٹھتی ہے، مگر جب یہی ستارے ہمیشہ کے لیے ہم سے جدا ہو جاتے ہیں توایک خلا پیدا کرجاتے ہیں بالی وڈ کے کئی عظیم فنکار ایسے گزرے ہیں جنہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیت سے کبھی ہمیں ہنسایا، کبھی رلایا ، کبھی جذباتی کیا اور کبھی کچھ لمحوں کے لئے ہی سہی ہمیں زندگی کی الجھنوں سے آزاد کرکے ہماری بھرپور تفریح کی ۔
سال 2025 بالی وڈ کے لیے انتہائی غمگین رہا۔ اس برس انڈسٹری کے ایسے ستارے ہم سے جدا ہوگئے جن جنہوں نے اپنی اداکاری، مسکراہٹ اور شاندار کام سے کروڑوں دلوں میں خاص مقام بنایا تھا۔ان میں کچھ نام ایسے ہیں جو فلمی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ان میں منوج کمار ، دھرمیندر، سُلکشنا پنڈت، ستیش شاہ، پنکج دھیر، زوبین گرگ ، اسرانی اور دیگر کئی نامور شخصیات شامل ہیں ان کا شاندار کام اور ناقابلِ فراموش ورثہ ہمیشہ ان کے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں اُن ستاروں پر جنہیں ہم نے اس سال کھو دیا۔
پرتیش نندی8 جنوری 2025
اینیمیشن فلموں میں کتّے اور جانوروں کے استعمال سے آگے بڑھ کر فلموں کے کرداروں کو کارٹون میں ڈھالنے والے مشہور فلم ساز پرتیش نندی کا 8 جنوری 2025 کو 73 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔پرتیش نندی مشہور ایڈورٹائزنگ ایگزیکٹیو اور فلم انڈسٹری کے نمایاں پروڈیوسرز میں شامل تھے، دل کا دورہ پڑنے سے جنوبی ممبئی میں اپنے گھر میں ان کا انتقال ہوا۔انہوں نے اپنے کیرئیر میں کئی کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں، جن میں ‘جھنکار بیٹس’، ‘چمیلی’، ‘ہزاروں خواہشیں ایسی’، ‘ایک کھلاڑی ایک حسینہ’، ‘ان کہی’، ‘پیار کے سائیڈ ایفیکٹس’، ‘بو بیرکس فار ایور’ اور دیگر شامل ہیں۔
14 مارچ 2025دیب مکھرجی
بالی وڈ معروف اداکار اور فلمساز ایان مکھرجی کے والد، دیب مکھرجی کا 14 مارچ 2025 کو 83 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ وہ طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔دیب مکھرجی نے 1960 اور 1970 کی دہائی میں کئی فلموں میں معاون کردار ادا کیے جن میں “تو ہی میری زندگی”، “دو آنکھیں”، “باتوں باتوں میں”، “جو جیتا وہی سکندر”، اور “کنگ انکل” شامل ہیں۔ ان کی ہدایتکاری میں 1983 میں “کراٹے” نامی فلم بھی ریلیز ہوئی تھی، جس میں متھن چکرورتی، کاجل کرن اور یوگیتا بالی نے مرکزی کردار ادا کیے۔دیب مکھرجی کا تعلق بھارتی سینما کے مشہور مکھرجی خاندان سے تھا۔ دیب مکھرجی کی پیدائش 22 نومبر 1941ء میں کانپور میں ہوئی تھی۔ان کی والدہ ستی دیوی مشہور اداکار اشوک کمار، انوپ کمار اور کشور کمار کی واحد بہن تھیں۔ وہ فلم ساز آشوتوش گواریکر کے سسر اور معروف بالی وڈ اداکارائیں کاجول اور رانی مکھرجی کے چچا تھےاور ان کے بھائی فلمساز شومو مکھرجی نے بالی وڈ اداکارہ تنوجہ سے شادی کی، جو کاجول کی والدہ ہیں۔
4 اپریل 2025 منوج کمار
بالی وڈ کے مشہور اداکار اور ہدایت کار منوج کمار نے 4 اپریل 2025 کو بڑی عمر سے متعلق بیماری کے باعث 87 برس کی عمر میں اس دار فانی کو الوداع کہا۔ منوج کمار کا نام ایسے عظیم فنکاروں کی فہرست مںا شامل ہے جنہوں نے بے مثال اداکارانہ صلاحتوزں سے ناظرین کے دلوں مں اپنا ایک مخصوص مقام بنایا ہے۔ انہوں نے اپنی بیشتر فلموں میں حب الوطنی کے جذبے کو پیش کیا گیا۔ شہید، پربھ اور روٹی کپڑا اور مکان ، پورب اور پچھم جیسی فلموں کے ذریعہ انہوں نے بالی وڈ میں کافی شہرت حاصل کی۔ وہ اپنے مداحوں میں”بھارت کمار” کے نام سے مشہور تھے۔منوج کمار کی پدعائش 24 جولائی 1937 کو پاکستان کے ایبٹ آباد شہر میں ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام ہر ی کرشن گوسوامی ہے۔ انہوں نے نہ صرف فلم سازی بلکہ ہدایت کاری،اسٹوری رائٹر اور مکالمہ نگاری سے ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔ منوج کمار نے تقریبا 50 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔منوج کمار کی فنکاری کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنی فلموں کی کہانایں خود اردو مںا قلم بند کرتے تھے اس کے علاوہ وہ ایک اچھے شاعر بھی تھے۔ان کے والد پنڈت ہربنس لال گوسوامی اردو فارسی کے ایک نامور شاعر تھے۔
23 مئی 2025 مکُل دیو
بالی وڈ اداکار اور ماڈل مکُل دیو نے23 مئی 2025 کو 54 برس کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہا۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج بھی رہے۔ مکل دیو 17 دسمبر 1970 کو نئی دہلی میں ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ہری دیو اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس تھے اور انہوں نے ہی مکل کو افغان ثقافت سے متعارف کرایا تھا۔ مکل دیو نے اداکاری کی دنیا میں آنے کا خواب نہیں دیکھا تھا۔ انہوں نے چنڈی گڑھ کے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ایروناٹکس میں پائلٹ کی تربیت لی تھی۔ لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور وہ اداکاری کی دنیا میں داخل ہو گئے۔ مکل دیو نے اپنے کرئیر کا آغاز 1996 میں ٹی وی سیریل ممکن سے کیا۔ مکل دیو نے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز سال 1996 میں ریلیز فلم ‘دستک’ سے کیا۔یہ سابق مس یونیورس سشمیتا سین کی بھی پہلی فلم تھی۔مکل دیو نے ‘سن آف سردار’، ‘یملا پگلا دیوانہ’، ‘آر… راجکمار’، ‘قلعہ’، ‘کہرام’ اور ‘جے ہو’ جیسی کئی فلموں میں بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ساتھ پنجابی، بنگالی، ملیالم، کنڑ اور تیلگو میں 60 سے زائد فلموں میں کام کیا۔
27 جون 2025 شفالی زری والا
ری مکس گانا کانٹا لگا اور ٹی وی/فلمی شوز میں اپنی منفرد موجودگی کے لیے جانی جانے والی شفالی زری والا کا انتقال 27 جون 2025 کو محض 42 برس کی عمر میں دل کی تکلیف کے باعث ہوا۔شفالی 15 دسمبر 1982 کو احمد آباد، گجرات میں پیدا ہوئیں ۔ ری مکس کا دور ہندوستان میں شروع ہی ہوا تھا کہ ایک نئے چہرہ شفالی زریوالا نے ‘کانٹا لگا’ گیت کے ساتھ دھوم مچا دی اور انھیں ‘کانٹا لگا گرل’ کے نام سے جانا گیا۔2002 میں ‘کانٹا لگا’ کے ری مکس نے شفالی زریوالا کو راتوں رات شہرت کی بلندیاں عطا کیں۔شفالی بعد میں بالی وڈ فلم ‘مجھ سے شادی کروگی’ سمیت متعدد فلموں اور ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوئیں، وہ مشہور ریئلٹی شو ‘بگ باس 13’ کا بھی حصہ ر ہیں۔
15 جولائی 2025دھیرج کمار
ایک معتبر اداکار، پروڈیوسر اور ٹی وی ہدایت کار دھیرج کمار کا انتقال 15 جولائی 2025 کو 79 برس کی عمر میں ہوا ان کی خدمات نے نہ صرف فلم بلکہ ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بھی گہرے نقوش چھوڑے۔ دھیرج کمار نے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز فلم ‘راتوں کا راجہ’ سے کیا تھا جس میں شتروگھن سنہا نے ویلن کا کردار ادا کیا تھا۔ اُن کا ٹیلی ویژن سیرئیل ‘کہاں گئے وہ لوگ’ بھی کافی مقبول ہوا تھا۔ منوج کمار کے ساتھ اُن کی بہت گہری دوستی تھی اور اُنھوں نے اُن کی فلم ‘روٹی کپڑا اور مکان’ میں کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ اُن کی ایک مشہور فلم ‘سوامی’ بھی کی تھی جس کا ایک گانا’ کا کروں سجنی آئے نا بالم ‘بہت مشہور تھا ۔ دیوآنند کی فلم ‘ہیرا پنّا’ میں اُنھوں نے ویلن کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ شرڈی کے سائی بابا بھی اُن کی مشہور فلم تھی۔ اُن کے انتقال سے بالی ووڈ کو گہرہ دھچکا لگا۔
پریا مراٹھے 31 اگست 2025
مشہور اداکارہ پرِیا مراٹھے کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے 31 اگست 2025 کو 38 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہارگئیں۔پرِیا مراٹھے نے کئی بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ فلموں اور کئی سپر ہٹ سیریلز میں اداکاری کی ہے جن میں ‘قسم سے’، ‘پوتر رشتہ’، ‘اترن’ اور ‘ساتھ نبھانا ساتھیا’ شامل ہیں۔ وہ دو سال سے زیادہ عرصے سے کینسر سے لڑ رہی تھیں اور دوران علاج بھی اداکاری کرتی رہیں۔
19 ستمبر 2025 زوبین گرگ
‘یا علی ‘گانے سے شہرت پانے والے معروف گلوکار و موسیقار زوبین گرگ کا سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ حادثے کے دوران19 ستمبر 2025 کو 53سال کی عمرمیں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے بالی وڈ کے علاوہ اسامیہ اور بنگالی زبانوں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا،ان کی موت سب کے لیے انتہائی چونکا دینے والی تھی۔ابتدائی طور پر ان کی موت کو حادثہ قرار دیا گیا تھا جب کہ سنگاپور پولیس نے بھی ابتدائی تحقیق کے بعد ان کی موت کو حادثہ قرار دیا تھا۔زوبین گرگ آسام کے ثقافتی منظرنامے کی معروف شخصیت تھے، جنہوں نے نہ صرف ہندی فلم انڈسٹری بلکہ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی شہرت حاصل کی۔انہوں نے اپنے کریئر کے دوران ہندی، بنگالی، آسامی، تامل اور تیلگو سمیت دیگر مقامی زبانوں میں 32 ہزار گانے گائے اور ان کی اچانک موت نے مداحوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔زوبین گرگ نے اپنی جادوئی آواز سے موسیقی کی دنیا میں الگ پہچان بنائی تھی۔ ان کا گایا ہوا بالی ووڈ فلم ‘گینگسٹر’ کا مشہور گانا ‘یا علی’ آج بھی سننے والوں کو بے حد متاثر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے فلم ‘کِرش 3’ کے مشہور گانے ‘دل تو ہی بتا’ سمیت کئی یادگار گانے گائے، جو عوام کے دلوں کو چھو گئے۔
4 اکتوبر سندھیا شانتارام
کلاسک فلموں کی مشہور کی اداکارہ، مشہورِ زمانہ رقاصہ جنہوں نے جھنک جھنک پائل باجے اور نورنگ جیسی فلموں میں یادگار اداکاری کی14اکتوبر 2025 کو 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ان کے انتقال کی خبر سے فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔سندھیا شانتارام کا اصلی نام وجیا دیشمکھ تھا۔ انہوں نے 1959 کی وی شانتا رام کی فلم ‘نورنگ’ سے ہندی فلم انڈسٹری میں بھی زبردست شناخت بنائی۔ اس فلم کا نغمہ ‘ارے جا رے ہٹ نٹ کھٹ’ آج بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔ اس نغمہ کے لیے انہوں نے خصوصی طور پر ‘کلاسیکی رقص’ سیکھا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت کوئی کوریوگرافر نہیں ہوتا تھا، نغمہ میں نظر آنے والے اسٹیپس خود سندھیا یا ڈائریکٹر وی شانتا رام نے تیار کیے تھے۔ انہوں نے دو آنکھیں بارہ ہاتھ میں زبردست اداکاری کی تھی۔ اس فلم کے سبھی گیت کافی مشہور ہوئے تھے۔ ان میں اے مالک تیرے بندے ہم اور سنیا جھوٹوں کا بڑا سرتاج نکلا آج بھی سامعین کے کانوں میں میٹھاس پیدا کردیتے ہیں۔
9 اکتوبر 2025وریندر سنگھ گھومن
بالی وڈ اداکار اور باڈی بلڈر وریندر سنگھ گھومن کا 9 اکتوبر 2025 کو 53 برس کی عم میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا۔ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں، ساتھی اداکاروں اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی صدمے میں مبتلا کر دیا۔وریندر سنگھ گھومن کا شمار ہندوستان کے صف اول کے باڈی بلڈرز میں ہوتا تھا۔ ان کی شاندار فٹنس اور طاقتور جسمانی ساخت نے انہیں جلد ہی عوامی مقبولیت دلا دی۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر بھی کئی باڈی بلڈنگ مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور متعدد اعزازات اپنے نام کیے۔ان کی پہچان صرف ایک باڈی بلڈر کے طور پر نہیں بلکہ ایک منجھے ہوئے اداکار کے طور پر بھی کی جاتی ہے۔ ان کی آخری فلم ٹائیگر 3 کی تھی، جس میں وہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوئے۔ فلم میں ان کی جسمانی طاقت اور ایکشن مناظر نے مداحوں کو بے حد متاثر کیا۔ ان کی اچانک موت نے فلم انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔
15 اکتوبر 2025 پنکج دھیر
سینئر اداکار پنکج دھیر کا 15 اکتوبر کو 2025 کو کینسر کے باعث 68 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وہ مشہور سیریل ‘مہابھارت’ میں کرن کا کردار نبھا کر گھریلو نام بن گئے تھے۔ پنکج دھیر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا اور بی آر چوپڑا کے ‘مہابھارت’ میں کرن کے کردار نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ان کی باوقار اداکاری، مکالمہ کی ادائیگی اور جذباتی گہرائی آج بھی ناظرین کے دلوں میں تازہ ہے۔بعد ازاں، انہوں نے چندرکانتا میں راجا شِودت، دی گریٹ مراٹھا، یوگ میں علی خان جیسے یادگار کردار ادا کیے۔ وہ عدالتی سیریل ‘قانون’ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔پنکج دھیر’صنم بے وفا’، ‘بادشاہ’ سمیت متعدد فلموں میں نظر آئے۔ اس کے بعد انہوں نے ہدایت کاری کا آغاز کرتے ہوئے فلم ‘مائی فادر گاڈ فادر’ بنائی اور اداکاری کے میدان میں تربیت دینے کے لیے ایک اکیڈمی بھی قائم کی۔
20 اکتوبر 2025 اسرانی
بالی وڈ میں مزاحیہ کرداروں کے لیے گھر گھر مشہور اسرانی نے بھی اسی سال دم توڑ دیا ان کا انتقال 20 اکتوبر 2025کو 84 برس کی عمر میں ہوا وہ کئی دہائیوں تک ناظرین کو اپنی منفرد اداکاری سے محظوظ کرتے رہے۔ فلم شعلے میں انگریزوں کے زمانے کے جیلر یعنی اسرانی کی پیدائش یکم جنوری 1940 کو جے پور کے ایک متوسط سندھی ہندو خاندان میں ہوئی تھی۔ اسرانی کا پورا نام گووردھن اسرانی تھا۔سال 1970 کی دہائی میں ان کی نمایاں معاون اداکاری والی فلموں میں ‘میرے اپنے’، ‘کوشش’، ‘باورچی’، ‘پریچے’، ‘ابھیمان’، ‘محبوبہ’، ‘پلکوں کی چھاؤں میں’، ‘دو لڑکے دونوں کڑکے’ اور ‘بندش’ شامل ہیں۔ انھوں نے 1977 میں ‘چلا مراری ہیرو بننے’ نامی فلم میں نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا بلکہ یہ فلم خود لکھی بلکہ اس کی ہدایت کاری بھی کی۔ مزاحیہ اداکار کے طور پر انہیں 1970 کی دہائی ‘آج کی تازہ خبر’، ‘روٹی’، ‘پریم نگر’، ‘چپکے چپکے’، ‘چھوٹی سی بات’، ‘رفو چکر’، ‘شعلے’، ‘بالیکا ودھو’، ‘فقیرا’، ‘انورودھ’، ‘چھیلا بابو’، ‘چرس’، ‘پھانسی’، ‘دلگی’،’ہیرالال پنّالال’، ‘پتی پتنی اور وہ’اور ‘ہم تمہارے’ میں بہترین اداکاری کی۔
22 اکتوبر 2025رشبھ ٹنڈن
نوجوان گلوکار و اداکار رشبھ ٹنڈن کا انتقال 22 اکتوبر 2025 کو 35 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ ان کی اچانک موت نے شوبز انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا۔رشبھ گلوکار اور موسیقار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اداکار بھی تھے، جو میوزک ویڈیو پراجیکٹس’ فقیر – لیونگ لمیٹ لیس’اور’رشنا: دی رے آف لائٹ’ اور ‘عشق فقیرانہ’کے لیے جانے جاتے تھے۔
25 اکتوبر 2025 ستیش شاہ
اداکار ستیش شاہ کا انتقال 25 اکتوبر 2025 کو 74 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ ستیش نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ ایک مثالی شوہر بھی تھے، جو الزائمر میں مبتلا اپنی اہلیہ کی تیمارداری کرتے تھے۔ ان کے جانے سے مداحوں اور چاہنے والوں کو گہرا صدمہ پہنچا۔بالی وڈ میں ستیش شاہ کو ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو ہنسایا اور جس کردار کو بھی نبھایا اُس میں جان ڈال دی۔ستیش شاہ 25 جون 1951 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام ستیش روی لال شاہ تھا۔ ستیش شاہ نے کریئر کا آغاز 1970 میں ریلیز ہوئی فلم ‘بھگوان پرشورام’ سے کیا۔ ان کی دیگر فلموں میں ‘عجیب کہانی”گمن”امراؤ جان’ ،’البرٹ پِنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے’ اور ‘شکتی’ شامل ہیں ۔سال 1983 کی فلم ‘جانے بھی دو یارو!’ ستیش شاہ کے کریئر کے لیے اہم ثابت ہوئی۔ اس فلم کے بعد ستیش شاہ کی قسمت ایسی چمکی کہ وہ فلم انڈسٹری میں مزاحیہ اداکار کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ستیش شاہ نے چار دہائیوں پر محیط کریئر میں 250 سے زیادہ فلموں میں اپنی دلچسپ مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا اور اپنا گرویدہ بنالیا۔
6 نومبر 2025 سلکشنا پنڈت
بالی ووڈ کی سرکردہ اداکارہ اور گلوکارہ سلکشنا پنڈت کا 6 نومبر 2025 کو 71 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو ا ۔سلکشنا پنڈت نے 1975 میں سنجیو کمار کے ساتھ “الجھن” سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور پھر اپنے دور کے تقریبا تمام ٹاپ اسٹارز راجیش کھنہ ، ششی کپور اور ونود کھنہ کے ساتھ کام کیا ۔ان کی دیگر بڑی فلمیں “سنکوچ” ، “ہیرا پھیری” ، “خاندان” اور “دھرم کانٹا” شامل ہیں ۔ایک پلے بیک گلوکارہ کے طور پر ان کا متوازی اور متاثر کن کریئر بھی تھا اور انہوں نے “تو ہی ساگر تو ہی کنارا” ، “پردیسیا تیرے دیس میں” ، “بیقرار دل ٹوٹ گیا” اور “سوموار کو ہم ملے” جیسے ہٹ گانے گائے ۔ ان کی آخری فلم دو وقت کی روٹی (1988) تھی۔
زرین خان 7 نومبر 2025
بالی وڈ اداکار سنجے خان کی اہلیہ اور زید خان کی والدہ زرین خان کا عمر سے متعلق بیماری کے سبب 7 نومبر 2025 کو 81 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ سال1966 میں سنجے خان سے شادی سے پہلے زرین کا ہندی سنیما میں مختصر لیکن یادگار دور تھا۔ وہ “تیرے گھر کے سامنے” اور “ایک پھول دو مالی” جیسی فلموں میں نظر آئیں۔ زرین کی سب سے بڑی بیٹی فرح خان علی کی شادی ڈی جے عقیل سے ہوئی ہے، ان کی دوسری بیٹی سیمون اروڑا کی شادی بزنس مین اجے اروڑا سے ہوئی ہے جب کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی سوزین خان کی شادی ریتک روشن سے ہوئی تھی۔
14 نومبر 2025 کامنی کوشل
اداکارہ کامنی کوشل بالی وڈ کے پرانے دور کی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں۔ ان کا انتقال 14 نومبر 2025 کو 98 برس کی عمر میں ہوا۔ کامنی کوشل کی پیدائش 24 فروری 1927کو لاہور میں ہوئی تھی۔ سال 1946 کی چیتن آنند کی فلم ‘نیچا نگر’ اداکاری کا آگاز کیا انہیں اس فلم کے لئے کانس فلم فیسٹول میں ممتاز گولڈن پام ایوارڈ اور دوسری فلم ‘براج بہو’ کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔وہ ہندی فلموں کی ایسی پہلی ہیروئن ہیں، جو شادی کے بعد مرکزی کردار ادا کرتی رہیں۔ انہوں نے اشوک کمار، راج کپور، دیو آنند اور دلیپ کمار کے ساتھ مرکزی کردار نبھائے۔
24 نومبر 2025 دھرمیندر
بالی وڈ کے ‘ہی مین’ کہلانے جانے والے دھرمیندر کا انتقال 24 نومبر کو 2025 کو 89 برس کی عمر میں ہوا ۔ دھرمیندر کی پیدائش پنجاب کے پھگواڑہ میں 8 دسمبر 1935 کو ہوئی ۔ ان کی دیگر فلموں میں انوپما، منجھلی دیدی اور ستیہ کام جیسی فلمیں شامل ہیں۔ پھول اور پتھر کی کامیابی کے بعد دھرمیندر کی شبیہ ‘ ہی مین’ کے طور پر بن گئی ۔ اس فلم کے بعد زیادہ تر ڈائریکٹر ز نےدھرمیندر کے ہی مین والی شبیہ کو اپنی فلموں میں پیش کیا۔سال 1975 میں دھرمیندر کے فلمی کیرئر کا اہم مرحلہ آیا اور انہیں ڈائریکٹر رمیش سپی کی فلم شعلے میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں اپنے منچلے انداز سے دھرمیندر نے شائقین کو بھرپور محظوظ کیا۔ دھرمیندر نے اپنے چار دہائیوں پر مشتمل طویل فلمی کریئر میں تقریباً 250 فلموں میں اداکاری کی ۔امریکہ کے مشہور جریدے ٹائم میگزین نے دنیا کی دس خوبصورت شخصیات میں ان کی تصویر کو صفحہ اول پر شائع کیا تھا۔
