جموں،17 دسمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ کے منسار علاقے میں بدھ کے روز مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مقامی لوگوں کی بروقت اطلاع کے بعد فورسز نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع سانبہ کے منسار کے قریب واقع ایک گاؤں کے باشندوں نے کچھ مشتبہ افراد کو علاقے میں گھومتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد انہوں نے فوراً پولیس کو مطلع کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم کا آغاز کیا۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں اس آپریشن میں فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار بھی شامل ہو گئے، جس کے بعد تلاشی کارروائی کو مزید وسیع اور منظم کیا گیا۔ فورسز نے پورے علاقے میں سخت نگرانی قائم کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کے فرار کو روکا جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ منسار اور اس کے آس پاس کے علاقے میں گھنے جنگلات، زرعی زمینیں اور دیگر کھلے مقامات شامل ہیں، جہاں سیکورٹی فورسز کی جانب سے باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق منسار کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیگر حساس علاقوں میں بھی سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ آپریشن کے دوران عام شہریوں کو محتاط رہنے اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تاحال کسی بھی گرفتاری یا تصادم کی اطلاع نہیں ملی ہے، جبکہ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ سیکورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ خطے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔
0
