0

سرینگر پولیس کی بڑی کارروائی: اے ٹی ایم ہیر پھیر میں ملوث ملزم گرفتار، 12 اے ٹی ایم کارڈ اور آئی فون برآمد

سری نگر،3دسمبر(یو این آئی) سرینگر پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ایک ٹھگ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بارہ اے ٹی ایم کارڈ اور ایک موبائل فون برآمد کیا ہے، جو مبینہ طور پر جرائم میں استعمال ہو رہا تھا۔
سرینگر پولیس نے یہ کارروائی اس وقت انجام دی جب جے کے بینک کے اے ٹی ایم ڈپارٹمنٹ کے انچارج نذیر احمد وار کی جانب سے پولیس اسٹیشن بمنہ میں ایک تحریری شکایت درج کرائی گئی۔ شکایت پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کیس ایف آئی آر نمبر 116/2025 درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس نے اے ٹی ایم ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے بمنہ کے جے وی سی اے ٹی ایم کے نزدیک ایک جال بچھایا۔ یہ وہی مشین تھی جہاں اے ٹی ایم ایپ کو بار بار نقصان پہنچانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزم عرفان احمد میر ولد عبد اللطیف میر ساکن سنزی پورہ ماور، ہندوارہ کو اسی دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ اے ٹی ایم مشین کو چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے مختلف بینکوں کے 12 اے ٹی ایم کارڈ اور ایک آئی فون برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ برآمد شدہ اے ٹی ایم کارڈز کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کارڈ کس طرح استعمال ہوئے اور آیا اس معاملے میں مزید افراد بھی ملوث ہیں یا نہیں۔
سرینگر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت محتاط رہیں، مشین میں کسی بھی خرابی یا مشکوک شخص کی موجودگی کی صورت میں فوراً قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ ایسے مجرموں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں