سری نگر،12نومبر(یو این آئی)سری نگر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشت گردی سے وابستہ نیٹ ورکس کے خاتمے کی اپنی مہم کے تحت بدھ کو شہر بھر میں ایک بڑے پیمانے پر کارروائی انجام دی۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے معاونین اور اوور گراؤنڈ ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت جاری تحقیقات سے وابستہ ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں سری نگر کے تمام زونز میں انجام دی گئیں، جن میں مختلف تھانوں اور پولیس پوسٹوں کے دائرے میں آنے والے علاقے شامل تھے۔ کارروائی میں ڈسٹرکٹ پولیس کی اسپیشل آپریشنز گروپ بھی شریک تھی۔ ذرائع کے مطابق، اب تک 150 سے زائد رہائش گاہوں کی تلاشی لی جا چکی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تمام تلاشی کارروائیاں قانونی ضابطوں کے مطابق، مجسٹریٹس اور غیر جانب دار گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئیں۔ ان کارروائیوں کی نگرانی اعلیٰ پولیس افسران کر رہے تھے۔
تلاشی کے دوران پولیس نے دستاویزات، ڈیجیٹل ڈیوائسز، اور دیگر قابلِ اعتراض مواد ضبط کیا جو جاری تحقیقات میں معاون ثابت ہوگا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ایک وسیع تر انٹیلی جنس مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دہشت گردانہ سازشوں کو وقت سے پہلے ناکام بنانا اور شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سری نگر پولیس دہشت گردی کے ہر معاون نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جو کوئی بھی غیر قانونی یا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و استحکام کے قیام میں پولیس کا ساتھ دیں اور مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
0
