سری نگر،10جنوری(یو این آئی) سرینگر پولیس نے ٹورسٹ پولیس اسٹیشن کی معاونت سے شہر بھر میں سیاحتی رہائش گاہوں کی جامع جانچ مہم کے دوران کئی غیر رجسٹرڈ ہوم اسٹیز اور ہوٹلوں کو بے ضابطگیوں کا مرتکب پایا اور ان کے خلاف موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی۔ اس خصوصی مہم کا مقصد سیاحتی صنعت کو ضابطہ بند کرنا، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور سیاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق معائنے کے دوران متعدد ادارے بغیر سرکاری اجازت نامے اور لازمی رجسٹریشن کے چلائے جا رہے تھے۔ ان میں شہر کے مختلف حصوں میں واقع کئی ہوٹل اور ہوم اسٹیز شامل ہیں جنہیں قواعد کی سنگین خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا اور مالکان کے خلاف بی این ایس ایس کی دفعات 126 اور 170 کے تحت کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ رہائش گاہیں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان سے سیاحوں کی حفاظت اور نگرانی کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ضلع میں کوئی بھی ادارہ قانونی دائرے سے باہر کام نہ کرے۔
پولیس نے تمام مالکان کو سختی کے ساتھ ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ورنہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق سرینگر میں اس نوعیت کی جانچ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ سیاحتی سرگرمیوں میں شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رہے۔
0
