سری نگر،23دسمبر(یو این آئی) سری نگر کے لالچوک اور اس کے گردونواح میں منگل کے روز غیر معمولی سیکورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے، جہاں سیکورٹی فورسز نے نہ صرف مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی بلکہ راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی بھی لی۔
ذرائع کے مطابق سری نگر کے تقریباً تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ بٹہ مالو، رام باغ، ڈلگیٹ، پانتھ چوک اور پائین شہر کے حساس راستوں پر پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی مشترکہ چوکیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی جا رہی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے پسِ پردہ بات کرتے ہوئے بتایا:’حساسیت کے پیشِ نظر سیکورٹی کو کئی گنا بڑھایا گیا ہے۔ شہر میں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کے لیے تمام یونٹس فعال ہیں۔‘
سری نگر کے تجارتی مرکز لالچوک میں سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نقل و حرکت دیکھی گئی۔،گھنٹہ گھر، مولانا آزاد روڈ، ریگل چوک، پریس کالونی اور بڈشاہ چوک کے ہر نکڑ پر اہلکار تعینات رہے۔ عوامی ہجوم والے مقامات، تجارتی مارکیٹوں اور بس اسٹینڈز پر خصوصی چوکسی اختیار کی گئی۔
0
