0

سری نگر میں غیر منقولہ جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط: پولیس

سری نگر، 7 دسمبر (یو این آئی) منشیات کے ناسور کے خلاف کریک ڈائون کو جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے ایک کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر پولیس نے ایک دو منزلہ رہائشی مکان جس کی لاگت تقریباً ایک کروڑ روپیے ہے، کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ نٹی پورہ میں واقع یہ جائیداد جاوید احمد گنائی ولد نذیر احمد گنائی ساکن آستان محلہ نٹی پورہ کے نام درج ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم ایک عادی منشیات فروش ہے اور پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر23/2025 میں ملوث ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران، یہ حتمی طور پر ثابت ہوا کہ جائیداد غیر قانونی منشیات کی تجارت سے حاصل کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان نتائج کی بنیاد پر، مجاز اتھارٹی نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن 68- ایف کے تحت مذکورہ جائیداد کو منسلک کرنے کا حکم دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ضبطگی کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس، چھانہ پورہ کی موجودگی میں قانونی تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے عمل میں لایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آرڈر کے مطابق، مالک کو جائیداد کی فروخت، منتقلی، تبدیلی، یا کسی تیسرے فریق کی دلچسپی پیدا کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر پولیس منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کو فروغ دینے، مالی امداد فراہم کرنے یا اس میں سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں