0

سری نگر میں منشیات فروش کی جائیداد قرق

سری نگر،8اکتوبر(یو این آئی)منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے منشیات فروش کی 75لاکھ روپیہ مالیت کی جائیداد کو ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے بی کے پورہ نوگام میں منشیات فروش کی جائیداد کو قرق کیا ہے۔ ضبط کی گئی جائیداد میں دو منزلہ رہائشی مکان 2.5 مرلے مشترکہ زمین (کل 15 مرلے میں سے) شامل ہیں ۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ پراپرٹی محمد جعفر گنائی کے نام ہے، جو پرویز احمد گنائی المعروف پاوا کے والد ہیں، اور اس وقت پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ضلع جیل کٹھوعہ میں بند ہیں۔
پرویز احمد گنائی کو پولیس اسٹیشن نوگام میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 128/2022 اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8، 22 اور 29 کے تحت نامزد کیا گیا ہے۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ وہ پراپرٹی میں فعال حصہ دار ہیں اور رہائشی مکان میں ایک کمرہ اور 2.5 مرلے زمین ان کے قبضے میں ہے۔ اسی بنیاد پر پراپرٹی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت منسلک کیا گیا۔
یہ کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس، بی کے پورہ، اور دو آزاد گواہوں کی موجودگی میں قانونی طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔ اس کارروائی کی منظوری متعلقہ اتھارٹی، سفیما، نئی دہلی نے دی اور مالک کو قانون کے مطابق نوٹس فراہم کیا گیا۔
اب مالک کو قانونی طور پر پراپرٹی فروخت کرنے، کرایہ پر دینے، ترمیم کرنے یا کسی تیسرے فریق کے حق میں دینے کی اجازت نہیں ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ اقدام جموں وکشمیر پولیس کی وادی میں منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے اور منشیات کے خلاف جاری جنگ کا حصہ ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور متعلقہ جرائم کے خلاف جاری مہم میں تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں