سری نگر(عقاب نیوز ڈیسک): جموں و کشمیر کرائم برانچ کی اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو)، سری نگر نے ایف آئی آر نمبر 10/2026 کے تحت سیکشن 420 آئی پی سی کے تحت معراج الدین ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکنہ ٹینگ پورہ بٹہ مالو سرینگر کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔یہ چارک شیٹ سٹی جج، سری نگر کے ہاں پیش کی گئی۔
شکایت میں کہا گیا کہ ملزم ایک عادی فراڈی ہے جو معصوم افراد کو دھوکہ دینے کے لیے منصوبہ بند طریقہ کار استعمال کرتا رہا ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ ادائیگی وصول کرنے کے بعد ملزم جان بوجھ کر وعدے پورے نہیں کرتا اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے خریدی گئی جائیداد کو اپنی بیوی کے نام منتقل یا رجسٹر کر دیتا ہے۔
شکایت موصول ہونے پر ای او ڈبلیو نے تفصیلی تفتیش شروع کی، جس کے دوران ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو 55.11 لاکھ روپے کے نقصان میں ڈالا، اس دعوے کے تحت کہ وہ رہائشی مکان فروخت کر رہا ہے۔ ادائیگی وصول کرنے کے باوجود ملزم نے وہی جائیداد کسی اور کو فروخت کر دی۔
مزید تفتیش سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ مذکورہ جائیداد پہلے ہی جے اینڈ کے بینک، برانچ باغات سری نگر میں مورٹگیج یعنی گروی کر دی گئی تھی اور شکایت کنندہ نے اس کے ساتھ منسلک رہائشی قرض بھی چکا دیا تھا۔
تفتیش کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ملزم کے اقدامات سیکشن 420 آئی پی سی کے تحت قابل گرفت جرم ہیں اور اس کے پیش نظر چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔
