سری نگر،5 مارچ (یو این آئی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد وادی کے مختلف حصوں میں ہونے والے احتجاج کے پیش نظر عائد پابندیوں میں انتظامیہ کی جانب سے جزوی نرمی کے بعد سری نگر کے کئی علاقوں میں جمعرات کو معمولاتِ زندگی بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے حکام نے شہر کے بعض علاقوں میں نقل و حرکت پر عائد پابندیوں میں نرمی دی جس کے بعد بازاروں میں محدود سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئیں اور سڑکوں پر ٹریفک کی جزوی آمد و رفت بھی دیکھی گئی۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ دنوں احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر وادی کے کئی حساس علاقوں میں احتیاطی طور پر پابندیاں نافذ کی گئی تھیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ کئی علاقوں میں صورتحال نسبتاً پُرامن ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر سری نگر کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و سکون برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔
0
