0

سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں ‘گل داود’ شو کا اہتمام

سری نگر، 18 اکتوبر (یو این آئی) شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی نے سری نگر میونسپل کارپوریشن اور ایس سی سی ایل کے اشتراک سے ہفتے کو یہاں تجارتی مرکز تاریخی لال چوک میں رنگا رنگ ‘گل داود'(چری سینتھیمم) شو کا اہتمام کیا۔
اس شو کا مقصد کرائسنتھمیم کے مختلف اقسام کے پھولوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ کشمیر میں ‘تھیم گارڈن’ کے تصور کو فروغ دینا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام وادی میں موسم خزاں میں ایک نئی کشش ثابت ہوگا اور اس سے سیاحت کو مزیر فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا: ‘فی الوقت جموں وکشمیر میں صرف ایک بڑا فلور شو “ٹولپ گارڈن’ میں ماہ اپریل میں منعقد ہوتا ہے اس کے بعد ہمارے پاس چنار کے زرد پتوں کو دکھانے کے سوا کچھ بھی نہیں ہوتا ہے’۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے ہم موسم کے مطابق مزید فلاور گارڈن شوز کا انعقاد کر سکتے ہیں جو نہ صرف دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے باعث کشش ہوگا بلکہ اس سے متعلقہ شعبے میں مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے اس شو کی افتتاحی تقریب کا افتتاح کیا۔
انہوں نے اس موقع پر زرعی یونیوسٹی اور ایس ایم سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ زرعی یونیورسٹی کی لوگوں تک پہنچنے کی ایک اہم پہل ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘کشمیر میں موسم خزاں بھی موسم سرما اور موسم گرما جیسا اہم ہے اور اس پہل سے شعبہ سیاحت کو مزید دوام ملے گا’۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہ گل دائود کا تیسرا شو ہے اور اس پہل کو آگے بڑھانے کے لئے گذشتہ تین برسوں سے کافی محنت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے لوگوں تک پہنچنے کے لئے پورے لالچوک کو مختلف رنگوں کے پھولوں سے سجایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہل جہاں ایک طرف سیاحوں کے لئے دعوت ہے وہیں دوسری طرف مقامی کسانوں کے لئے بھی ایک ایسا قدم ہے جس سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک بہٹ بڑی صنعت ہے۔
مسٹر گرگ نے کہا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں جو اہم جگہیں سجائی گئی ہیں ان کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لئے یہ پھول لگائیں جائیں گے۔
انہوں نے لوگوں خاص کر سیاحوں اور طلبا کو دعوت دی کی وہ اس سے لطف اندوز ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں