ری نگر،5 اکتوبر(یو این آئی)وادیٔ کشمیر میں موسم سرما نے اپنی دستک دے دی ہے، کیونکہ سری نگر کے مضافات میں واقع زبرون اور مہا دیو پہاڑی سلسلے نے رواں موسم کی پہلی برف باری کے بعد سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اس تازہ برف باری نے جہاں بلند پہاڑوں کے مناظر کو دلکش اور حسین بنا دیا ہے، وہیں وادی کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ برف پوش پہاڑوں کے مناظر نے شہریوں کے دلوں کو خوش کر دیا، لیکن ساتھ ہی درجہ حرارت میں اچانک کمی کے باعث لوگوں کو سردی کا زیادہ احساس ہونے لگا ہے۔
اہلیانِ شہر کے مطابق صبح سویرے جب انہوں نے زبرون اور مہا دیو پہاڑیوں کو برف سے ڈھکا دیکھا تو یہ ایک دلکش منظر تھا۔ ایک مقامی شہری محمد یوسف نے کہا: ’یہ پہلا اشارہ ہے کہ وادی میں سخت سردیوں کا آغاز ہونے والا ہے۔ اگرچہ سردی بڑھے گی لیکن برف پوش پہاڑ دیکھنے سے دل کو سکون ملتا ہے۔‘
ادھر سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی لوگ روایتی کانگڑی اور گرم ملبوسات کا سہارا لینے لگے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہیٹرز اور گرم کپڑوں کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برف باری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہی سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
0
